پانچ ہزار کے اصلی نوٹ کی پہچان کیسے کی جاسکتی ہے؟
Image
کراچی: (سنو نیوز) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 5 ہزار روپے کے اصلی کرنسی نوٹ کی پہچان کے لیے ویڈیو جاری کر دی۔
 
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ویڈیو میں 5 ہزار روپے کے نوٹ میں موجود نشانیاں بتائی گئی ہیں جن کے ذریعے شہری اصلی اور نقلی نوٹ میں فرق کرسکتے ہیں۔
 
یاد رہے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں 5 ہزار روپے کے جعلی کرنسی نوٹ کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
 
اجلاس میں رکن کمیٹی کامل علی آغا نے 5 ہزار روپے مالیت والے جعلی کرنسی نوٹ پیش کر دیئے۔ سینیٹر کامل علی آغا نے جعلی نوٹ ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کو دکھایا تو وہ بھی نہ پہچان سکے اور کہا جعلی نوٹ کی کوالٹی اچھی ہے۔
 
سلیم مانڈوی والا نے جعلی نوٹوں کی روک تھام کے لیے اسٹیٹ بینک سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جعلی نوٹوں کا معاملہ کئی سال سے چل رہا ہے اور مرکزی بینک کے پاس کوئی حل نہیں، جعلی نوٹ بینکوں سے ہی آرہے ہیں۔
 
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر عنایت حسین نے کہا کہ جعلی کرنسی پاکستان نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، ڈالر کی جعلی کرنسی بھی چھپ رہی ہے، ایسا کوئی نظام موجود نہیں ہے جس سے جعلی کرنسی کو چھاپنے سے روکا جاسکے۔
 
ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک نے جعلی نوٹوں کے مسئلے پر قابو پانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کرنسی نوٹوں کے معاملے پر ریگولیشنز مزید بہتر کی جائیں گی، اس حوالے سے کمیٹی کو جلد بریفنگ دی جائے گی۔