نان فائلرز کیخلاف پلان بی پر عملدرآمد کیلئے گرین سگنل
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) حکومت نے ایف بی آر کو نان فائلرز کیخلاف پلان بی پر عملدرآمد کیلئے گرین سگنل دے دیا۔ سمز بند نہ ہونے کی صورت میں اضافی ودہولڈنگ ٹیکس لانے پر غور کیا جائے گا۔
 
ایف بی آر ذرائع کے مطابق نان فائلرز کے خلاف 15 مئی کے بعد ایکشن کی تیاریاں شروع کر دیں۔ سم بند نہ ہوئی تو اضافی ودہولڈنگ ٹیکس لانے پر غور کیا جائے گا۔ نان فائلرز کی سم پر 2.5 فیصد اضافی ٹیکس لگانے پر تجویز ہے۔
 
نان فائلرز کے ہر دفعہ لوڈ کرانے پر اضافی ٹیکس وصول کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ نان فائلرز کے موبائل اور ڈیٹا لوڈ پر اضافی ٹیکس لانے پر بھی تجویز ہے۔
 
ایف بی آر ذرائع کے مطابق نان فائلرز کی سمز بند کروانے کا ڈیٹا پی ٹی اے حوالے کر دیا گیا۔ 15 مئی تک پی ٹی اے اور ٹیلی کام کمپنیوں نے نان فائلرز کی سمز بند نہ تو ایف بی آر کا کمپنیوں کے خلاف کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔
 
ٹیلی کام کمپنیوں کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کی جائے گی۔ ایف بی آر کی قانونی ٹیم سے مشاورت جاری ہے۔ 10 دن سے زائد گزرنے کے باوجود ٹیلی کام کمپنیوں نے سمز بند کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا۔
 
یاد رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان ٹیکس فائلرز کی سم بلاک کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس کا اہل ہونے کے باوجود ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
 
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 5 لاکھ 6 ہزار 671 نان ٹیکس فائلرز کا ڈیٹا جاری کیا۔ ایف بی آر نے یہ احکامات انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی شق 114 بی کے تحت جاری کیے۔
 
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے اقدامات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ٹیکس فائل نہ کرنے والے نان فائلرز کی حتمی فہرست مرتب کرنے کا آغاز کردیا تھا۔
 
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے ٹیکس وصولی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور اسی سلسلے میں ایف بی آر نے فیصلہ کیا تھا کہ جون 2024 تک 15 سے 20 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
 
ٹیکس نیٹ کی توسیع کے حوالے سے ایف بی آر نے ڈسٹرکٹ ٹیکس کے 145 دفاتر بھی قائم کیے تھے اور ریوینو بورڈ کو نان فائلرز کے بجلی اور گیس کے کنکشنز منقطع اور موبائل سم بلاک کرنے کے اختیار دے دیے تھے۔
 
گزشتہ سال ایک رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا تھا کہ ایف بی آر کے 10 ہزار سے زائد ملازمین گزشتہ دو سال کے دوران انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرنے والوں (نان فائلرز) میں شامل ہیں۔