سال2023ء ميں بھی لالی ووڈ کی ڈگمگاتی کشتی کوسہارا نہ مل سکا
Image
لاہور: (سنو نیوز)پاکستان فلم انڈسٹری طويل عرصے سے بحران کا شکار ہے۔ لالی ووڈ کے کرتا دھرتا ہر آنے والے سال کو بہتری کا سال قرارديتے ہیں۔ لیکن حالات بدلنے کا نام ہی نہیں لیتے۔
 
تفصیل کے مطابق سال 2023ء میں بھی پاکستان کی فلم انڈسٹری لالی ووڈ کی ڈگمگاتی کشتی کو کوئی سہارا نہ مل سکا۔نگارخانوں کی رونقيں بحال کرنے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ رواں سال اردو زبان کی قابل ذکر فلموں ميں منی بیک گارنٹی، ہوئے تم اجنبی اور تیری میری کہانیاں شامل ہيں جنھیں  باکس آفس پر پذیرائی نہ مل سکی۔
 
موضوع کے اعتبار سے فلم اللہ یار اینڈ 100 فالورز آف گاڈ اور بے بی لیشز بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے ميں کامياب رہيں ۔ اردو زبان ميں بننے والی دادل، دوڑ اور آر پار بھی سنیما گھروں کی زینت تو بنيں مگر ريليز کے ابتدائی دنوں ميں ہی ہميشہ کے لئے ڈبے ميں بند ہوگئیں، اب فلم نگری کے کرتا دھرتا دو ہزار چوبیس ميں حالات بدلنے کی آس لگائے بيٹھے ہیں
 
2023ء میں پنجابی زبان ميں بننے والی پانچ فلميں بھی ريليز ہوئیں ليکن گھسے پٹے موضوعات اور روایتی پلاٹ فلم بينوں کو زيادہ متاثر نہ کرسکے ۔