ساحر علی بگا کی راحت فتح علی خان پر شدید تنقید
Image
کراچی: (ویب ڈیسک )پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ساحر علی بگا راحت فتح علی خان کیخلاف کھل کر سامنے آگئے،مقبول گلوکار کے خلاف سخت پوسٹ اپلوڈ کرکے ڈیلیٹ کردی۔
 
تفصیلات کے مطابق نامور گلوکارساحر علی بگا کی جانب سے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی تھی جس میں اُنہوں نے راحت فتح علی خان کو درندہ صفت اورمنافق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان پر خدا کی لعنت ہو۔
 
ساحر علی بگا کی اس پوسٹ پرمعروف گلوکار علی ظفر نےساحر علی بگا کے نام ایک پوسٹ جاری کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ پیارے بھائی ساحر علی بگا! میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ مہربانی کرکے بابرکت اور صبر والے مہینے رمضان کا احترام کریں۔
 
علی ظفر نے مزید لکھا کہ آپ اپنی زبان کی حفاظت کریں اور دوسروں کی ذات کے بارے میں خود سے کوئی فیصلہ نہ کریں کیونکہ ہم سب میں ہی کوئی نہ کوئی خامی ہے۔گلوکار نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی رحمت سے نوازے اور ہم سب پر سلامتی ہو، آمین۔
 
علی ظفر کی اس پوسٹ کے جواب میں ساحر علی بگا نے طنزیہ انداز میں کہا کہ شکریہ علی ظفر! میں رمضان المبارک کے دوران کسی شخصت کے بارے میں سچائی ظاہر کرنے پر معذرت خواہ ہوں، میں اب پوسٹ ڈیلیٹ کر رہا ہوں۔
 
ساحر علی بگا نے علی ظفر کے کہنے پر پوسٹ تو ڈیلیٹ کردی لیکن اُن کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا کے مختلف پیجز پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے جبکہ گلوکار کے جواب سے ایسا ظاہر ہورہا ہے کہ وہ اب بھی راحت فتح علی خان کے خلاف دیے گئے بیان پر قائم ہیں۔
 
دوسری جانب راحت فتح علی خان کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے،ساحر علی بگا کی پوسٹ نے ناصرف مداحوں بلکہ میوزک انڈسٹری سے وابستہ فنکاروں کو بھی حیران کیا اور سوشل میڈیا پر یہ پوچھا گیا کہ آخر راحت فتح علی خان نے ساحر علی بگا کے ساتھ ایسا کیا کردیا ہے کہ وہ اتنے سخت الفاظ کہہ رہے ہیں۔