یادداشت کو بہتر بنانے کیلئے 5 بہترین طریقے
Image
لاہور(ویب ڈیسک) یادداشت کا تیز ہونا انسانی زندگی کیلئے اتنا ہی ضروری ہے جتنا زندہ رہنے کیلئے خوراک ضروری ہے، روزمرہ کے کاموں کو یاد رکھنا ہو، کسی کے نام اور چہرے کو یاد رکھنا ہو یا معلومات کو ذہن نشین کرنا ہو، یادداشت کا درست ہونا انسانی جسم کے صحت مند ہونے میں اہم جزو ہے ۔
 
ماہرین کے مطابق چند ایسے مؤثر طریقے ہیں جنکی بدولت انسان کی یادداشت کو تیز کیا جا سکتا ہے۔
 
میموری گیمزکھیلنا
 
میموری گیمز کھیلنا نہ صرف تفریح کا بہترین ذریعہ ہے بلکہ یہ انسانی یاد داشت کو چیلنج کرنے اور بہتر بنانے میں بہت کارآمد ثابت ہوتا ہے۔
 
کارڈز، نمبرز یا پھر الفاظ کی ترتیب کو اوپر نیچے کرنے سے دماغ کے خلیے نشوونما پاتے ہیں اور یاد رکھنے کی صلاحیت میں بہتری آتی ہے۔
 
پزلز اینڈ کراس ورڈز کا استعمال
 
پہیلیاں، کراس ورڈ پزلزمیں مشغول ہونا انسان کے دماغ کو متحرک کرتا ہے اور یہ دماغی صلاحیتوں کو بڑھانے کا ایک اعلی طریقہ ہے۔
 
مراقبہ کرنا
 
مراقبہ کرنے سے نہ صرف دماغی تناؤ کم ہوتا ہے بلکہ دماغ کے خلیوں کو آرام اور سکون بھی ملتا ہے، اکیلے تنہائی میں بیٹھ کر مختلف چیزوں کو یاد کرنا یادداشت کو بڑھانے کیلئے بھی بہت فائدہ مند ہے۔
 
نئی مہارتیں سیکھنا
 
دماغ کو تیز رکھنے کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ انسان نئی مہارتیں سیکھ کر انکو روزمرہ زندگی میں چیلنج کرے، اب چاہے اس مقصد کیلئے انسان کوئی نئی زبان سیکھے، موسیقی کا آلہ بجانا سیکھے یا کسی نئے فن کی تلاش کرے۔
 
دماغی تربیت کی ایپلیکیشن
 
موجودہ سوشل میڈیا کے دور میں بہت سی ایسی ایپ ہیں جو دماغ کی تربیت کرتی ہیں اور انکو استعمال کرکے یادداشت کے مسائل ، توجہ اور صلاحیت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔