مائیگرین درد کا شکار افراد میں فالج کا زیادہ خطرہ: تحقیق
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) مائیگرین درد کا سامنا کرنے والے افراد، جن کے آدھے سر میں درد ہوتی ہو، طبی ماہرین کے مطابق ایسے لوگوں میں فالج کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
 
یونیورسٹی آف کولوراڈو اسکول آف میڈیسن کی جانب سے کی گئی تحقیقات کے مطابق دریافت کیا گیا ہے کہ مائیگرین، گردے فیل ہونا، خون جمنے اور آٹو امیون جیسے امراض غیر روایتی طور پر45 سال سے کم عمر افراد میں فالج کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔
 
یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی تحقیق میں فالج کے شکار 2600 سے زائد افراد کا موازنہ 7800 ان افراد کے ساتھ کیا گیا جو اس مرض سے محفوظ رہے۔
 
تحقیقات میں معلوم ہوا کہ 35 سال کی عمر سے کم 31 فیصد مردوں اور 43 فیصد خواتین کے کیسز میں فالج جیسے مرض میں مبتلا کرنے والے غیر روایتی عناصر دیکھنے میں آئے ہیں جبکہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مائیگرین فالج کا خطرہ ظاہر کرنے والی سب سے اہم علامت ہے۔
 
 
یاد رہے کہ سرکے ایک حصے میں بہت شدید طرح کا درد ہونا اور کچھ لوگوں کو تو اس تکلیف کا سامنا بار بار ہوتا ہے اس کو مائیگرین کہتے ہیں، محققین کے مطابق تحقیق کے آنے والے نتائج بہت اہم ہیں کیونکہ اب تک ہماری توجہ روایتی عناصر تک محدود تھی۔ ماہرین نے مزید کہا کہ خطرہ بڑھانے والے غیر روایتی عناصر کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔