گوادر: نامعلوم افراد کی فائرنگ، کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد قتل
Image
گوادر: (سنو نیوز) گوادر میں نامعلوم مسلح افراد نے سربندر میں فش ہاربر جیٹی کے قریب رہائشی کوارٹر میں سوئے ہوئے 7 افراد کو قتل کر دیا جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
 
پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق و زخمی افراد کا تعلق پنجاب کے ضلع خانیوال سے بتایا جاتا ہے۔ لاشیں اور زخمی کو گوادر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق و زخمی افراد سربندر میں سیلون (حجام) کے دکان میں کام کرتے تھے۔
 
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گوارد میں دہشت گردی کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور بہیمانہ واقعہ میں 7 افراد کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے مقتولین کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
 
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والے درندے انسان کہلانے کے حقدار نہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
 
حکومت بلوچستان نے گوادر کے علاقے سربندر میں بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم مزدوروں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے۔
 
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو کا کہنا تھا کہ گوادر واقع کی رپورٹ طلب کر لی گئی، دہشت گردوں سے سختی سے نمٹیں گے، نہتے معصوم مزدوروں کا قتل بزدلانہ اقدام ہے۔
 
میر ضیاء لانگو نے کہا کہ واقعہ کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں، ملوث دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔
 
ترجمان بلوچستان حکومت نے مزید کہا کہ واقعہ سربندر میں پیش آیا، انتظامی افسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں، ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہیں، شہید مزدوروں کی فیملیز سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔