گرل فرینڈ کو قتل کرنے والا ایتھلیٹ پیرول پر رہا
Image
جوہانسبرگ: (سنو نیوز) جنوبی افریقا کے پیرا اولمپک ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس جو اپنی گرل فرینڈ ریوا اسٹین کیمپ کے قتل کے جرم میں سزا کاٹ رہے تھے کو پیرول پر رہا کر دیا گیا ہے۔
 
سائوتھ افریقین حکام نے کہا ہے کہ آسکر پسٹوریئس کو 13 سال سے زیادہ کی سزا کا نصف پورا کرنے کے بعد رہا کیا گیا ہے۔ وہ جمعہ کی صبح سے اپنے گھر پر ہیں۔ ان کی رہائی پر ریوا اسٹین کیمپ کی والدہ نے کہا کہ وہ سابق کھلاڑی کی رہائی کے فیصلے کو قبول کرتی ہیں۔ لیکن انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا خاندان ‘عمر قید’ کاٹ رہا ہے۔
 
14 فروری 2013 ء کو آسکر پسٹوریئس نے اپنی گرل فرینڈ ریوا سٹین کیمپ پر کئی گولیاں برسا کر اسے ہلاک کر دیا تھا۔آسکر پسٹوریئس، جسے بلیڈ رنر کے نام سے جانا جاتا ہے اور اپنی دونوں ٹانگوں سے معذور ہے، کو ستمبر 2014 ء میں مجرمانہ قتل کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔
 
بعد میں اپیل کورٹ نے اس فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے قتل کا مجرم قرار دیا۔ اس کے لیے اسے 13 سال اور پانچ ماہ کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس نے پیرا اولمپک کھیلوں میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ٹائم میگزین نے اسے دنیا کی 100 انتہائی با اثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا تھا۔
 
آسکر پسٹوریئس نے 2012ء میں لندن میں منعقد ہونے والی پیرا اولمپک دوڑ کے مقابلے میں حصہ لے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ وہ دونوں ٹانگوں سے معذور پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے پہلی بار ان مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔
 
پسٹوریئس پر پہلے مقدمے میں پہلے سے سوچے سمجھے قتل کا الزام لگایا گیا تھا، 2015 ء میں، کورٹ آف اپیل نے اس فیصلے کو بغیر کسی پیشگی بدنیتی کے قتل عام میں تبدیل کر دیا۔ جنوبی افریقا کے قانون کے مطابق قیدی نصف سزا پوری کرنے کے بعد پیرول کے اہل ہوتے ہیں۔ پسٹوریئس کو بالاخر 2017 ء میں 13 سال 5 ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔
 
اس کی رہائی 2029 ء میں اس کی سزا کے اختتام تک سخت شرائط کے ساتھ مشروط ہے۔ دیگر چیزوں کے علاوہ ان ضابطوں میں میڈیا سے بات کرنے کی ممانعت بھی شامل ہے۔ کہا جاتا ہے کہ وہ جنوبی افریقا کے دارالحکومت پریٹوریا کے مضافاتی علاقے میں واقع اپنے چچا آرنلڈ پسٹوریئس کے گھر رہیں گے۔
 
متاثرہ کی والدہ جون اسٹین کیمپ نے ایک بیان میں کہا کہ “ہمیشہ جانتے تھے کہ پیرول جنوبی افریقا کے قانونی نظام کا حصہ ہے اور ہمیشہ کہا کہ قانون کو اپنا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔” وہ پیرول بورڈ کی طرف سے عائد کردہ شرائط کا خیرمقدم کرتی ہیں۔