محمد حفیظ نے میرا کیرئیر تباہ کیا: عثمان قادر کا بڑا الزام
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے لیجنڈ لیگ اسپنر عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر نے کھل کر پی سی بی کے سابق ٹیکنیکل ڈائریکٹر محمد حفیظ کو قومی ٹیم سے باہر کیے جانے اور کیریئر تباہ کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
 
ایک یوٹیوب چینل پر بات کرتے ہوئے عثمان قادر نے دعویٰ کیا کہ سابق ٹی20 کپتان شاہین آفریدی نے انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر جنوری میں نیوزی لینڈ سیریز کے لیے سلیکشن کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن پھر بھی میری سلیکشن نہیں ہوئی۔
 
لیگ اسپنر عثمان قادر بتایا کہ ٹی 20 میں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، مجھے کہا گیا تھا کہ اچھی پرفارمنس کرتا ہوں تو وہ مجھے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے منتخب کریں گے۔ اللہ کی مدد سے میں نے اچھی کارکردگی دکھائی، ایک میچ میں 5 وکٹیں اور 8 میچوں میں مجموعی طور پر 13 وکٹیں حاصل کیں۔
 
عثمان قادر نے مزید بتایا کہ میں قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پر امید تھا لیکن مجھے کوئی کال موصول نہیں ہوئی اور آخر میں میرے نام کے بغیر ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔
 
عثمان قادر نے الزام لگایا ہے کہ میری سلیکشن میں محمد حفیظ رکاوٹ بنے کیوں کہ وہ اپنی پسند نا پسند پر کھلاڑی سلیکٹ کرتے تھے، انہوں نے کہا کہ میں نے شاہین سے پوچھا کہ مجھے کیوں نہیں سلیکٹ کیا گیا تو اس نے کہا کہ محمد حفیظ نے منع کیا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ میرے پاس ابھی بھی میسجز موجود ہیں۔
 
انہوں نے پی سی بی کے سابق ٹیکنیکل ڈائریکٹر محمد حفیظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کی ذاتی ترجیحات ہیں اور کارکرگی کو شمار نہیں کیا جاتا تو پھر میں منتخب ہونے سے بہت دور ہوں۔
 
عثمان قادر سے جب موجودہ کپتان بابراعظم بارے بات ہوئی تو انہوں نے اپنے کشیدہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا، یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور عثمان قادر دونوں بچپن کے بہت اچھے دوست ہیں لیکن ذرائع کے مطابق آج کل دوستی کچھ بہتر نہیں رہی۔
 
عثمان قادر نے اپنے ٹی 20 بین الاقوامی کیریئر میں اب تک 25 میچوں میں 29 وکٹیں 7اعشاریہ 95 اکانومی ریٹ کے ساتھ حاصل کی ہیں۔
 
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم میں دوبارہ شامل ہونے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ اور سیریز سے باہر ہوگئے ہیں، آئرلینڈ کی جانب سے محمد عامر کا ویزا جاری نہ کرنے پر پی سی بی کا بھی ناخوشی کا اظہار۔
 
ذرائع پی سی بی کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئرلینڈ بورڈ کو اپنی ناراضگی بارے باضطہ طور پر آگاہ کردیا ہے، پی سی بی نے آگاہ کیا ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کے تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضاطہ طور پر آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کو خبردار کیا ہے کہ محمد عامر کا ویزا جاری نہ کرنے پر مستقبل کے تعلقات ٹھیک نہیں رہیں گے، ویزا جاری نہ کرنے پر محمد عامر کی آئرلینڈ کیخلاف 3 ٹی 20 میچز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
 
ذرائع پی سی بی نے مزید بتایا کہ میزبان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ اسکواڈ کے تمام اراکین کے وقت پر ویزے جاری کیے جائیں لیکن آئرلینڈ بورڈ اس میں ناکام رہی ہے جبکہ محمد عامر نے اسکواڈ کے دیگر اراکین کے ہمراہ ہی اپنا ویزا اپلائی کیا تھا۔
 
ذرائع نے بڑے واضح طور پر بتایا ہے کہ ویزا نہ ملنے کے باعث محمد عامر کل کے ہونے والے پہلے ٹی 20 میچ سے باہر ہوگئے ہیں، امید ہے کہ محمد عامر آئرلینڈ کی سیریز کا حصہ نہ ہوں اور وہ براہ راست انگلینڈ سیریز میں پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں۔
 
پی سی بی ذرائع نے بتایا ہے کہ بورڈ حکام کو خدشہ ہے کہ محمد عامر کے نہ ہونے سے ورلڈکپ کیلئے کمبی نیشن بنانے میں مشکلات ہوں گی اور نقصان پہنچے گا۔
 
یاد رہے کہ 7 مئی 2024 کو پاکستان کرکٹ ٹیم مشن ورلڈکپ کیلئے روانہ ہوچکی ہے، پاکستان نے ورلڈ کپ سے قبل آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کھیلنی ہیں، آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان کل پہلا ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔