پی ایس ایل کےمیچز پشاور میں بھی ہوں: جاوید آفریدی کامطالبہ
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10سیزن کے لیے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کے ہوم میچز پر غور کرے۔
 
رپورٹس کے مطابق جاوید آفریدی نے پی سی بی حکام کو ایک ای میل لکھی جس میں انہوں نے پی ایس ایل میچز پشاور لانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کے میچز ہونے چاہیے تاکہ پشاور کی لوکل آبادی اپنی ہوم ٹیم کے میچز سے خوش ہوسکے۔
 
انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش میں تیزی لانے اور اعلیٰ درجے کے کرکٹ میچوں کی میزبانی کے لیے اس کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا (کے پی کے) علی امین سے بات چیت کر رہے ہیں۔
 
ارباب نیاز اسٹیڈیم کی تعمیر کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے، زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم پشاور کی تزین و آرائش کا 20 فیصد کام رہ گیا، وزیراعلیٰ کے پی سے درخواست کی ہے کہ اسٹیڈیم کے فنڈ فورا سے جاری کیے جائیں تاکہ پی ایس ایل سیزن 10 کے میچز پشاور میں کروائے جاسکیں۔
 
انہوں نے مزید بتایا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پشاور زلمی کے میچز پشاور میں کرانے کے حق میں ہیں۔ پی ایس ایل سے پہلے کچھ سنسنی خیز مقابلوں کے لیے تیار ہوجائیں، شائقین کے پی پشاور کی سرزمین پر بہت جلد انٹرنیشنل اسٹارز دیکھیں گے۔
 
پشاور میں پی ایس ایل میچز کی میزبانی کا امکان اسی صورت میں حقیقت بن سکتا ہے جب کے پی کے کا محکمہ کھیل اسٹیڈیم کی تعمیر میں تیزی لانے کے لیے وقت پر فنڈز جاری کرے۔
 
سی او او سلمان نصیر اور پی سی بی حکام نے گزشتہ ہفتے فرنچائز مالکان کے ساتھ ایک میٹنگ میں پی ایس ایل 10 کے لیے عارضی شیڈول کی تجویز بھی پیش کی، جس میں اپریل سے مئی کے وسط تک پی ایس ایل کروایا جائے کیوں کہ آگے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 شیڈول ہے جو کہ پاکستان میں منعقد کی جائے گی۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) انتظامیہ نے پی ایس ایل 10 کا مجوزہ شیڈول تیار کرلیا۔ پاکستان سپر لیگ کا 10 واں ایڈیشن اگلے سال اپریل میں منعقد ہوگا۔
 
پی سی بی ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 10 کے لیگ میچز چار وینیوز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں ہوں گے۔ پی ایس ایل 10 کا افتتاحی میچ راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلا جائیگا۔
 
فائنل سمیت پلے آف میچز کا انعقاد نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔ پی ایس ایل کا فائنل 20 مئی کو کھیلا جائیگا۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی 5 میچز اور قذافی اسٹیڈیم لاہور 10 میچز کی میزبانی کرے گا۔ بقیہ لیگ میچز راولپنڈی اور ملتان میں ہونگے۔
 
پی سی بی ذرائع کے مطابق اگلے سال فروری میں چیمپٸنز ٹرافی پاکستان میں شیڈول ہے۔ چیمپٸنز ٹرافی کی وجہ سے پی ایس ایل اپریل میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔