محمد عامر پاکستانی ٹیم سے باہر؟ پی سی بی کا ناخوشی کا اظہار
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) کیا پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ سے باہر ہوگئے؟ آئرلینڈ کی جانب سے محمد عامر کا ویزا جاری نہ کرنے پر پی سی بی کا ناخوشی کا اظہار۔
 
ذرائع پی سی بی کا بتانا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئرلینڈ بورڈ کو اپنی ناراضگی بارے باضطہ طور پر آگاہ کردیا ہے، پی سی بی نے آگاہ کیا ہے کہ مستقبل میں پاکستان اور آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کے تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔
 
پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضاطہ طور پر آئرلینڈ کرکٹ بورڈ کو خبردار کیا ہے کہ محمد عامر کا ویزا جاری نہ کرنے پر مستقبل کے تعلقات ٹھیک نہیں رہیں گے، ویزا جاری نہ کرنے پر محمد عامر کی آئرلینڈ کیخلاف 3 ٹی 20 میچز میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
 
ذرائع پی سی بی نے مزید بتایا کہ میزبان کرکٹ بورڈ کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ اسکواڈ کے تمام اراکین کے وقت پر ویزے جاری کیے جائیں لیکن آئرلینڈ بورڈ اس میں ناکام رہی ہے جبکہ محمد عامر نے اسکواڈ کے دیگر اراکین کے ہمراہ ہی اپنا ویزا اپلائی کیا تھا۔
 
ذرائع نے بڑے واضح طور پر بتایا ہے کہ ویزا نہ ملنے کے باعث محمد عامر کل کے ہونے والے پہلے ٹی 20 میچ سے باہر ہوگئے ہیں، امید ہے کہ محمد عامر آئرلینڈ کی سیریز کا حصہ نہ ہوں اور وہ براہ راست انگلینڈ سیریز میں پاکستان ٹیم کا حصہ ہوں۔
 
پی سی بی ذرائع نے بتایا ہے کہ بورڈ حکام کو خدشہ ہے کہ محمد عامر کے نہ ہونے سے ورلڈکپ کیلئے کمبی نیشن بنانے میں مشکلات ہوں گی اور نقصان پہنچے گا۔
 
یاد رہے کہ 7 مئی 2024 کو پاکستان کرکٹ ٹیم مشن ورلڈکپ کیلئے روانہ ہوچکی ہے، پاکستان نے ورلڈ کپ سے قبل آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کھیلنی ہیں، آئرلینڈ اور پاکستان کے درمیان کل پہلا ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
 
ٹی 20 ورلڈ کپ مہم سر کرنے کیلئے قومی کرکٹ ٹیم امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کرکٹ کی عالمی جنگ سے قبل قومی کھلاڑی برطانیہ میں اپنی صلاحیتوں کو آزمائیں گے۔
 
بابراعظم کی کپتانی میں قومی ٹیم میزبان آئرلینڈ کے خلاف 10 ، 12 اور 14مئی کو میدان میں اترے گی اور اس کے بعد مضبوط حریف انگلینڈ کے خلاف 4 ٹی20 میچز جو کہ 22، 25، 28 اور 30 مئی کو شیڈول ہیں میں اپنی بولنگ اور بیٹنگ سٹرینتھ جانچیں گے۔
 
انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بعد قومی اسکواڈ دنیا کے دوسرے کونے کیلئے اڑان بھرے گا جہاں 6 جون کو ٹی 20 ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کا مقابلہ میزبان امریکا سے ہوگا۔
 
دوسری جانب قومی ٹیم دورہ آئرلینڈ کے لیے تو روانہ ہو گئی تاہم سینیئر فاسٹ باؤلر محمد عامر پاکستان ٹیم کے ہمراہ روانہ نہ ہو سکے، محمد عامر ویزا مسائل کے باعث ٹیم کے ہمراہ آئرلینڈ روانہ نہ ہوسکے۔
 
محمد عامر کے ویزا معاملہ پر پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا ملتے ہی پہلی دستیاب فلائٹ سے فاسٹ باؤلر محمد عامر آئرلینڈ روانہ ہوجائیں گے اور ٹیم کو وقت پر جوائن کرلیں گے۔
 
دوسری جانب فاسٹ باؤلر حسن علی کی ٹیم میں سیلیکشن پر لیجنڈ کرکٹر بوم بوم آفریدی نے بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، تفصیلات کے مطابق نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق آل راؤنڈر نے کہا کہ زمان خان اور محمد علی انکی جگہ بہتر آپشن تھے۔ حسن علی کی سلیکشن سے حیران ہوں، مجھے سمجھ نہیں آیا کہ کس کارکردگی کی بنیاد پر انہیں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا البتہ انکی جگہ اسامہ میر کو شامل کیا جاسکتا تھا۔
 
بوم بوم آفریدی نے مزید کہا کہ اسامہ میر نے مستقل مزاجی سے پرفارم نہیں کیا لیکن مجھے لگتا ہے کہ سلیکشن کمیٹی کیلئے لیگ اسپنر کو بٹھانے کا فیصلہ آسان نہیں تھا، ہوسکتا ہے کہ افتخار احمد، آغا سلمان، صائم ایوب کے اسپن آپشنز کو دیکھتے ہوئے انہیں ڈراپ کیا گیا ہو۔
 
قبل ازیں گزشتہ روز دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا جس میں فاسٹ بولر حسن علی اور آغا سلمان کی واپسی جبکہ اسامہ میر اور زمان خان کو ڈراپ کیے جانے پر سلیکٹرز کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
 
اس سے قبل پاکستان کے اعلان کردہ اسکواڈ میں ابرار احمد، اعظم خان، فخز زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ، سائم ایوب، سلمان علی آغا، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان خان شامل ہیں، ٹیم کی کپتانی بابراعظم کریں گے۔
 
حارث رؤف، حسن علی اور سلمان علی آغا کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ اعظم خان، عرفان خان اور محمد رضوان بھی فٹ ہوکر دوبارہ سے ٹیم کا حصہ بن گئے ہیں۔
 
پریس کانفرنس میں سلیکشن کمیٹی کے رکن محمد یوسف نے اسکواڈ کا اعلان کیا، سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض نے عثمان خان اور حسن علی کی سلیکشن پر وضاحت دی۔
 
فاسٹ باؤلر زمان خان اور اسپنر اسامہ میر سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہے، قومی اسکواڈ 4 مئی سے 3 روزہ مختصر تربیتی کیمپ کے بعد 7 مئی کوڈبلن کے لیے روانہ ہوگا۔