سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی آخری نمبر پر کیوں کھیل رہے؟
Image
ممبئی :(ویب ڈیسک )آئی پی ایل سیزن 10 میں جہاں ایک طرف سنسنی خیز اور اعصاب شکن میچ دیکھنے کومل رہے ہیں وہیں دوسری طرف سابق کپتان مہندرسنگھ دھونی کی پرفارمنس اور انکا بیٹنگ آرڈر بھی کرکٹ شائقین کے لیے زیر بحث ہے۔
 
اتوار کو پنجاب کنگز کے خلاف دھرم شالہ میں کھیلے گئے میچ کے دوران ایم ایس دھونی حیرت انگیز طور پر اوپنر کے نمبرز کی بجائے نویں نمبر پر بیٹنگ کرنے آگئے اور پھر پہلی ہی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
 
مہندر سنگھ دھونی کے نویں نمبر پر آ کر بیٹنگ کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کئی قیاس آرائیوںجنم ل رہی ہیں تاہم دوسری طرف انڈین میڈیا کا یہ کہنا ہے کہ دھونی کی جانب سے تاخیر سے بیٹنگ کرنے کی وجہ انجری ہے۔
 
بھارتی میڈیا کے مطابق مہندر سنگھ دھونی کی ٹانگ میں انجری ہے جس کی وجہ سے وہ گراؤنڈ میں زیادہ رننگ نہیں کر سکتے، وکٹ کیپر بیٹر چنائی سپر کنگگز کے لیے جلدی بیٹنگ کرنے نہیں آتے کیونکہ رننگ کرنے کے لیے انہیں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
 
کچھ میچز قبل دھونی کو اس وقت بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا جب انہوں نے ڈبل رن لینے کے لیے نان سٹرائیکر ایںڈ پر موجود ڈیرل مچل کو منع کر دیا اور پھر اُسی میچ میں دھونی خود رن آؤٹ ہوگئے۔
 
اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ ’ہم اپنی بی ٹیم کو کھلا رہے ہیں۔ جو لوگ دھونی پر تنقید کر رہے ہیں انہیں نہیں علم کہ دھونی ٹیم کے لیے کیا قربانی دے رہے ہیں۔‘
 
میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق دھونی بیٹنگ پر آنے سے قبل دوائیاں کھا رہے ہیں اور دوران میچ رننگ کم کر رہے ہیں تاکہ اُن کی انجری گمبھیر نہ ہو تاہم ڈاکٹروں نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے لیکن دھونی کے پاس کھیلنے کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے۔
 
ایم ایس دھونی کے نویں نمبر پر آ کر بیٹنگ کرنے کے بارے میں سابق انڈین فاسٹ بولر عرفان پٹھان نے کہا کہ ’مجھے علم ہے کہ وہ 42 سال کے ہیں لیکن وہ بہترین فارم میں ہیں۔ انہیں اوپر آ کر بیٹنگ کرنے کی ذمہ داری لینی چاہیے۔ انہیں کم سے کم سے چار سے پانچ اوور تک بیٹنگ کرنی چاہیے۔
 
‘دھونی کے صفر پر آؤٹ ہونے پر عرفان پٹھان نے کہا کہ ’جب ٹیم کو آپ کی ضرورت تھی، آپ اپنے سے پہلے شاردُل ٹھاکر کو نہیں بھیج سکتے۔ انہیں اس چیز پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کسی کو دھونی کو بتانے کی ضرورت ہے کہ ہمت کرو یار، چار اوور تک بیٹنگ کرو۔‘
 
اس بارے میں ہربھجن سنگھ کہتے ہیں کہ ’ٹھاکر دھونی جیسی شاٹس کبھی نہیں لگا سکتے اور مجھے سمجھ نہیں آتی کہ دھونی ایسی غلطی کیوں کر رہے ہیں۔ کوئی بھی چیز اُن کی اجازت کے بغیر نہیں ہوتی۔‘
 
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اس بات کو تسلیم نہیں کر سکتا کہ نیچے آ کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کسی اور نے لیا ہے۔ اگر ایم ایس دھونی نویں نمبر پر بیٹنگ کرنا چاہتے ہیں تو انہیں نہیں کھیلنا چاہیے۔ اس سے بہتر ہے کہ ٹیم میں فاسٹ بولر کھلا لیں۔‘
 
واضح رہے مہندر سنگھ دھونی اس دفعہ چنائی سپر کنگز کے ساتھ بطور سابق کپتان کھیل رہے ہیں،ان کی جگہ نوجوان کرکٹر کو کپتانی کے فرائض سرانجام دئیے گئے ہیں۔