ڈرائیور کے موڈ کے حساب سے تبدیل ہونے والی لائٹ متعارف
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) ڈرائیور کے موڈ کے حساب سے تبدیل ہونے والی لائٹ متعارف کروادی گئی، جنوبی کوریا کی کار کمپنی ہیونڈائی نے ٹیکنالوجی کی مدد سے لائٹ متعارف کرائی ہے جس کے تحت گاڑیوں میں اندرونی لائٹیں ڈرائیور کے موڈ کے مطابق تبدیل ہوا کریں گی۔
 
رپورٹس کے مطابق کمپنی نے ٹیکنالوجی کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے کہ لائٹس ڈرائیوروں کے مزاج کے ساتھ ساتھ ارد گرد کے ماحول کو بھی محسوس کرنے کے قابل ہیں تاکہ اندرونی لائٹس کی چمک، رنگ اور ڈسپلے خود بخود ایڈجسٹ ہوسکے۔
 
گاڑی میں نصب سینسرز اور کیمروں سے ڈرائیور کی دھڑکن اور پلکیں جھپکنے کی تعداد کی مانیٹرنگ کی جائے گی تاکہ ڈرائیور کے موڈ کا اندازہ لگایا جاسکے۔
 
ڈرائیور سے متعلق انفارمیشن، موسم اور دیگر عوامل کا استعمال کرتے ہوئے نیا لائٹنگ سسٹم 32 اقسام کے مختلف پیٹرن تیار کرسکتا ہے۔
 
ہیونڈائی کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ اگر ڈرائیور ذہنی دباؤ میں ہے تو گاڑی میں روشنی سرخ، لال رنگ کی ہو جائے گی اور اگر کوئی تناؤ یا پریشانی نہیں ہے اور سب کچھ نارمل ہے تو روشنی سبز رنگ کی ہوجائے گی۔