پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر سے چاند کی پہلی تصویر موصول
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر سے چاند کی پہلی تصویر موصول ہوگئی۔ چین کے خلائی مشن ’چینگ ای 6‘ کے ساتھ پاکستان کا سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ چاند کے گرد چکر لگانے کے لیے 3 مئی کو روانہ ہوا۔
 
آئی کیوب قمر مشن کی کامیابہ پر چائنہ نیشنل سپیس ایڈمنسٹریشن میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ چائنہ نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن میں پاکستانی ایمبیسڈر سمیت آئی کیوب قمر مشن پر کام کرنے والی آئی ایس ٹی کی ٹیم نے شرکت کی۔
 
انسٹی ٹیوٹ آف سپیس ٹیکنالوجی کا کہنا ہے کہ آئی کیوب قمر سے حاصل ہونے والی پہلی تصویر سی این ایس اے ( CNSA) نے پاکستانی ایمبیسڈر کو دی۔ پاکستان کا پہلا آئی کیوب قمر سیٹلائٹ 8 مئی کو چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا۔
 
آئی کیوب قمر کو کامیابی سے چاند کے مقررہ مدار میں ڈپلائے کیا جا چکا ہے۔ آئی کیوب قمر تمام مقررہ پیرا میٹرز کے مطابق کام کر رہا ہے۔ آئی کیوب کیو نے پہلی تصویر سُورج کی حاصل کی ہے۔
 
یاد رہے کہ 3 مئی کو پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر چین کے شہر ہینان کے وینچینگ خلائی سینٹر سے دوپہر 2 بجکر 27 منٹ پر روانہ ہوا تھا، جس کے بعد پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا چھٹا ملک بن گیا تھا۔
 
یہ دنیا کا پہلا مشن ہے جو چاند کی دوسری طرف سے نمونے حاصل کرے گا، پاکستانی سیٹلائٹ ’آئی کیوب قمر‘ دو آپٹیکل کیمروں سے لیس ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لینے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔
 
پاکستان کا سیٹلائٹ مشن 3 سے 6 ماہ تک چاند کے اطراف چکر لگائے گا، سیٹلائٹ کی مدد سے چاند کی سطح کی مختلف تصاویر لی جائیں گی جس کے بعد پاکستان کے پاس تحقیق کے لیے چاند کی اپنی سیٹلائٹ تصاویر ہوں گی۔
 
اس مشن میں چاند پر چکر لگانا، ٹیک آف کرنا اور واپس پہنچنا شامل ہے جب کہ یہ 2 کلو گرام تک کا مادہ اٹھانے کی کوشش کرے گا۔