کینسر کا مریض 1.3بلین ڈالر کی لاٹری جیت گیا
Image
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک تارک وطن ملک کی تاریخ کی چوتھی سب سے بڑی لاٹری جیتنے والا خوش قسمت بن گیا ہے۔ چینگ سیفن نامی اس شخص کا تعلق جنوب مشرقی ایشیا کے ملک لاؤس سے ہے، اس نے 1.3 بلین ڈالر کی 'پاور بال لاٹری' جیت لی ہے۔
 
 چینگ سیفن کا کہنا ہے کہ کئی راتوں تک وہ تکیے کے نیچے  اس لاٹری کو  رکھ کر سوتا رہا۔ "میں نے خدا سے مدد کے لیے دعا کی کہ میرے بچے چھوٹے ہیں ،  میں بہت کمزور ہوں اور  میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔"
 
اس نے 7 اپریل کو نکالی گئی 1.3 بلین ڈالر کی لاٹری میں اپنے نمبروں کو ملایا اوراس  کے منتظمین نے سوموار کو خوش قسمت فاتح کو انعامی رقم دی۔ لیکن اس لاٹری کی وجہ سے نا صرف سیفن بلکہ ان کی اہلیہ اور ایک دوست کی قسمت بھی بہتر ہوئی ہے۔
 
اس نے اپنی اہلیہ اور ایک دوست کے ساتھ مل کر 20 سے زائد لاٹری ٹکٹ خریدنے کے لیے پیسے بچائے تھے۔
 
یہی وجہ ہے کہ اس کا کہنا ہے کہ وہ لاٹری کی رقم کا پچیس فیصد اپنی بیوی ڈوانپین کو اور پچاس فیصد اپنی دوست لیزا چاؤ کو دے گا۔
 
سیفن کینسر کا مریض ہے اور اس لیے پچھلے آٹھ سالوں سے کیموتھراپی کر رہا ہے۔اس نے کہا میں نے بس مدد کیلئے اللہ سے دعا کی تھی۔ "اب میں اپنے خاندان کی بہتر دیکھ بھال  اور اپنے لیے ایک اچھا ڈاکٹر تلاش کر سکتا ہوں۔"وہ لاٹری کی رقم سے اپنے لیے ایک گھر خریدے گا۔
 
لاٹری کی رقم کا چیک حاصل کرنے کے بعد سیفن نے صحافیوں کو بتایا، "مجھے نہیں معلوم کہ مجھے یہ تمام رقم خرچ کرنے میں کتنا وقت لگے گا۔"اور مجھے یہ بھی نہیں معلوم کہ میں کب تک زندہ رہوں گا۔
 
جب اسے معلوم ہوا کہ اس نے لاٹری جیت لی ہے تو وہ بڑی بے چینی سے اس کا انتظار کر رہا تھا اور وہ یہ خبر جلد از جلد اپنے دوست اوراپنی بیوی کو بتانا چاہتا تھا۔
 
سیفن نے کہا میں نے اپنی بیوی سے پوچھا تم کہاں ہو؟ اس نے مجھے جواب دیا کہ میں کام پر ہوں، جس پر میں نے اس سے کہا کہ اب تمہیں نوکری کرنے اور کام پر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔
 
خیال رہے کہ امریکا میں جیسے جیسے ٹکٹوں کی قیمتیں بڑھی ہیں، ایک ارب ڈالر سے زیادہ کے میگا انعامات عام ہو گئے ہیں۔ 2022ء میں اب تک کی سب سے بڑی انعامی رقم 2.04 بلین امریکی ڈالر تھی۔
 
اس لاٹری کے قوانین میں ترمیم کرکے اسے مزید مشکل بنایا گیا ہے، جس سے 'گرینڈ پرائز' جیتنے کے امکانات 292.2 ملین میں سے ایک رہ گئے ہیں۔
 
فی الحال سیفن کا کہنا ہے کہ وہ لاٹری کھیلتے رہیں گے۔ "شاید میں دوبارہ لاٹری جیت جاؤں اور دوبارہ خوش قسمت ہو جاؤں۔"