ڈیڑھ سال بعد چین نے بھارت میں اپنا نیا سفیر بھیجنے کی تیاری کر لی
Image
بیجنگ: (ویب ڈیسک) تقریباً ڈیڑھ سال بعد چین نے بھارت میں اپنا نیا سفیر بھیجنے کی تیاری کر لی ہے۔ آج کئی اخبارات نے اپنے صفحات پر اس خبر کو نمایاں جگہ دی ہے۔
 
انگریزی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنے صفحہ اول پر یہ خبر شائع کی ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ نے 18 ماہ کی غیر معمولی تاخیر کے بعد شوئی فیہانگ کو بھارت میں نیا سفیر مقرر کیا ہے۔
 
اگرچہ اس بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے ، لیکن چین کی وزارت خارجہ نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو تصدیق کی ہے کہ شوئی، جو افغانستان اور رومانیہ میں سفیر رہ چکے ہیں، اب ہندوستان میں چین کے سفیر ہوں گے۔
 
انگریزی اخبار دی ہندو نے لکھا ہے کہ 60 سالہ شوئی جلد ہی نئی دہلی میں اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔  وہ سن وڈونگ کی جگہ لیں گے،  جنہوں نے اکتوبر 2022 ءمیں ہندوستان میں اپنی مدت ملازمت مکمل کی ہے۔
 
سن ویڈونگ ہندوستان میں اپنے دور اقتدار سے قبل پاکستان میں چین کے سفیر بھی رہ چکے ہیں اور اس وقت نائب وزیر خارجہ ہیں اور چین کی جنوبی ایشیا پالیسی کو سنبھالنے کے ذمہ دار ہیں۔
 
شوئی کی تقرری ہندوستان اور چین کے درمیان طویل عرصے سے جاری فوجی تعطل کو حل کرنے کے لیے کئی دور کی بات چیت کے درمیان ہوئی ہے۔
 
مئی 2020 ءمیں لداخ میں پرتشدد فوجی جھڑپ کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں۔ اس کے بعد سے اب تک دونوں فریقین نے کور کمانڈر سطح کی بات چیت کے 21 دور منعقد کیے ہیں۔